اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ملک کے سب سے بڑے آبی ذخیرے تربیلا ڈیم میں بڑے سیلابی ریلے کے داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، جبکہ راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تربیلا ڈیم انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح 1530 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1550 فٹ ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر سیلابی ریلہ داخل ہوا تو ڈیم سے پانی کا اخراج 4 لاکھ کیوسک تک کر دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم سے اس وقت 3500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جبکہ دریائے کابل سے 30 ہزار 900 کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔
دوسری جانب گڈو بیراج پر بھی پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ کنٹرول روم کے مطابق پانی کی آمد 3 لاکھ 92 ہزار کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 75 ہزار 422 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح میں 72 ہزار کیوسک سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق گڈو بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے اور کچے کے علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ کشمور میں آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران پانی کی سطح 5 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے الرٹ تو جاری کر دیا ہے مگر زمینی سطح پر خاطر خواہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
ادھر راول ڈیم میں پانی کی سطح 1750.10 فٹ تک جا پہنچی ہے، جس کے بعد آج دن 11 بجے ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حفاظتی اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں اور نچلے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو پیشگی اطلاع دی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔