انگلینڈ سے عبرتناک شکست پر سنیل گواسکر برہم، بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر کڑی تنقید

 Sunil Gavaskar asked Rishabh Pant to do the flip celebration after completing his century. (Photo: BCCI and JioHotstar)

لیڈز (آئی آر کے نیوز): انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھارت کی حیران کن شکست پر سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر شدید برہم ہوگئے، انہوں نے ٹیم کی ناقص فیلڈنگ، حکمت عملی اور تیاری کو ہدفِ تنقید بنایا۔

لیڈز ٹیسٹ میں بھارت نے پہلی اننگز میں 471 اور دوسری اننگز میں 364 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ نے 465 اور 373 رنز بنا کر 371 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس نتیجے کے ساتھ بھارت پانچ سنچریوں کے باوجود ٹیسٹ ہارنے والی تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی۔

سنیل گواسکر نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیت کا کریڈٹ انگلینڈ کو جاتا ہے، جنہوں نے دباؤ کے باوجود اعتماد سے کھیل کر میچ اپنے نام کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے اہم مواقع ضائع کیے اور اضافی رنز نے میچ کا رخ بدل دیا۔

سابق کپتان نے بھارتی فیلڈنگ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ فیلڈنگ کا معیار نہایت کمزور تھا، صرف کیچ ہی نہیں بلکہ آؤٹ فیلڈنگ بھی انتہائی مایوس کن رہی۔

گواسکر کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، اس لیے بولرز پر مکمل الزام دینا درست نہیں، لیکن ٹیم کو چاہیے کہ وہ اس شکست سے سبق سیکھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پہلا ٹیسٹ ہے، امید ہے کھلاڑی آئندہ بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

انہوں نے اگلے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کو سنجیدگی سے تیاری کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا: اگلے دو دن آرام کریں، پھر مکمل دلجمعی سے پریکٹس کریں، آپ بھارت کے لیے کھیل رہے ہیں، آپشنل پریکٹس کو سائیڈ پر رکھیں اور اپنا بہترین دیں۔

گواسکر کے ان بیانات نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے لیے سنجیدہ پیغام چھوڑ دیا ہے، جو آئندہ میچز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی