اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت حاصل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے اور ملاقات کی اجازت کی درخواست کی۔ جسٹس منصور نے مؤقف اختیار کیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس وقت لاہور میں موجود ہیں، لہٰذا ان سے رجوع کیا جائے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ وہ کئی دنوں سے عمران خان سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں اور آج بھی عمران خان کی ہدایت پر عدالت آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ کو ملاقات کے لیے باضابطہ خط لکھا گیا تھا جس کے ساتھ ضروری شواہد بھی منسلک تھے۔ علی امین کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس خط پر مثبت ریمارکس دیے، تاہم تاحال اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کو عمران خان سے ملنے سے روکنے کے پیچھے ایک سازش کارفرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہا درخواستوں کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت بجٹ کی منظوری کا عمل جاری ہے اور تحریک انصاف کی بجٹ کمیٹی کو بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے لیے ملاقات کرنی ہے، جو انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ ملاقات کی اجازت دے کر آئینی اور جمہوری عمل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔