ٹرمپ کا اسرائیل اور ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، دونوں سے ناراضگی کا اظہار

Getty Images Trump wearing a white MAGA hat

واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، اور وہ دونوں ممالک کے طرز عمل سے ناخوش ہیں۔

اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ایران کی جوہری صلاحیتیں مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں، اور اب وہ دوبارہ کبھی اپنا جوہری پروگرام بحال نہیں کر سکے گا۔"

 ساتھ ہی انہوں نے اسرائیل کے اقدامات پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے یہ بالکل پسند نہیں آیا کہ اسرائیل نے جنگ بندی پر رضامندی کے فوراً بعد حملے کیے۔"

 

یاد رہے کہ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے چند گھنٹوں بعد ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغا گیا، جسے اسرائیلی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے واقعے کے بعد شہریوں کو اگلے نوٹس تک محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی، جب کہ دفاعی نظام کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فوج کو جوابی کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے، اور تہران کے مرکزی اہداف پر حملے کیے جائیں گے۔

ادھر ایرانی سرکاری خبر ایجنسی نے اسرائیل کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "جنگ بندی کے بعد ایران کی جانب سے کوئی میزائل حملہ نہیں کیا گیا، اسرائیلی دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں۔" ایران نے اسرائیل پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اصل جارحیت اسرائیل نے کی۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی