لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عمران خان کی ضمانتوں سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں قابلِ قبول نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنایا گیا۔
یہاں یہ بھی خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیے جانے کے بعد پاکستان بھر میں پی ٹی آئی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
احتجاج کے دوران مختلف شہروں میں سرکاری، نجی اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملہ کیا گیا، راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا گیٹ توڑا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور جھڑپوں کے واقعات پیش آئے۔
ان پُرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے، جب کہ ملک بھر سے 1900 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان واقعات کے بعد عمران خان اور پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں کے خلاف درجنوں مقدمات درج کیے گئے، جن میں اب عدالتوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔