راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنماء آپس میں ہی لڑ پڑے۔
تفصیلات کے مطابق لڑائی کا واقعہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان پیش آیا، جس میں ایک دوسرے پر گالیوں اور تھپڑوں کی بوچھاڑ کردی گئی۔ لڑائی کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں۔
فواد چوہدری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹاؤٹ ہو، جس پر شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے کہا کہ اپنے کام سے کام رکھو۔
دیکھتے ہی دیکھتے دونوں رہنماء آپس میں لڑ پڑے۔ فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ دے مارا جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گرگئے۔ تھپڑ لگنے اور نیچے گرنے سے شعیب شاہین کے بازو پر چوٹ آئی۔
لڑائی کے موقع پر موجود جیل عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور لڑائی سے چھڑایا۔ بعد ازاں فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔