پشاور ( آئی آر کے نیوز ) عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم
سواتی کوبیرون ملک سفر کی اجازت دیتے ہوئے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما
اعظم سواتی کی بیرون ملک جانے پر عائد پابندی کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ نے
تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس کے مطابق عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے
انکو بیرون ملک سفر کی اجزات دے دی ہے۔
حکم نامے میں عدالت نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کا نام پی
این آئی ایل، پی سی ایل اور ای سی ایل سے نکال دیا جائے۔ درخواست گزار کو بیرون
ملک سفر کرنے دیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف تھانہ سنگجانی،
ٹیکسلا میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ تاہم اعظم خان سواتی کو تھانہ ٹیکسلا میں درج مقدمے میں 5 نومبر کو گرفتار
کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما کی 30
جنوری کو ضمانت منظور کی تھی۔
یاد رہے کہ اعظم سواتی کو اس سے قبل اکتوبر میں احتجاج
کے دوران اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد اٹک جیل منتقل کیا گیا
تھا۔
تاہم نومبر میں اٹک جیل سے رہا ہوتے ہی پولیس نے انہیں
دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔