صدر اور وزیراعظم نے ترکی سے ملنے والے تحفے توشہ خانہ بھجوادیے

 اسلام آباد ( آئی آر کے نیوز ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے تحفے میں ملنے والی گاڑیاں توشہ خانے میں جمع کروادیں۔



ترک صدر رجب طیب اردوان پاکستان کے دورے پر اپنے سرکاری وفد کے ہمراہ آئے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے دورے کے دوران ترک صدر نے پاکستانی  صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کو الیکٹرک گاڑیوں کا تحفہ دیا تھا جسے توشہ خانہ میں جمع کرا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز ہی گاڑی توشہ خانہ میں جمع کرائی تھی جس کی کابینہ سیکریٹریٹ نے تصدیق بھی کردی ہے۔

یاد رہے کہ دسمبر 2024 کے وسط میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا ریفرنس ایف آئی اے ایجنسی کو بھیجنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے کے اسپیشل جج سینٹرل کو بھیج دیا تھا۔

 نیب کی جانب سے یہ کیس ایف آئی اے عدالت میں بھیجنے کی استدعا کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت کی جج عابدہ سجاد نے ریفرنس ایف آئی اے کے اسپیشل جج سینٹرل کو بھیجا تھا۔

احتساب عدالت میں قومی احتساب بیورو کے دائر کردہ ریفرنس کے مطابق یوسف رضا گیلانی پر آصف علی زرداری اور نواز شریف کے نام پر غیر قانونی طور پر گاڑیاں الاٹ کرنے کا الزام ہے۔ 

جدید تر اس سے پرانی