سپریم کورٹ کے 7 ججز اور ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹس صاحبان نے حلف اٹھالیا

 

 

 اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ججز سے حلف لیا۔ سپریم کورٹ میں 6 نئے مستقل ججز اور ایک ایکٹنگ جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، پہلی بار حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ کے سبزہ زار میں منعقد کی گئی۔

حلف اٹھانے والے 6 مستقل ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں۔

دوسری جانب، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے ایکٹنگ جج کے عہدے کا حلف لیا۔

سپریم کورٹ میں پہلی بار تقریب حلف برداری عدالتی احاطے کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، جس میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان، اٹارنی جنرل، ججز کے اہلخانہ، پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار کونسل کے عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید برآں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔

قبل ازیں، سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جسٹس محمد جنیدغفار سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا۔

 

دریں اثنا، پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے بھی گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔


دوسری جانب، بلوچستان ہائیکورٹ کےقائم مقام چیف جسٹس محمد اعجاز سواتی بھی آج اپنےعہدے کاحلف اٹھائیں گے، تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس بلوچستان میں منعقد ہوگی۔

 

 

جدید تر اس سے پرانی