کراچی (آئی آر کے نیوز): رپورٹ کے مطابق سول اسپتال کراچی کے 180 فائر ایکسٹنگویشرز فعال ہیں تاہم فائر الارم اور اسپرنکلرز موجود نہیں ہیں، 1750 بستروں کے سول اسپتال کراچی کی الیکٹرک وائرنگ بھی مرمت طلب ہے۔
جناح اسپتال کراچی میں 208 فائر ایکسٹنگویشرز فعال ہیں لیکن فائر الارم اور اسپرنکلرز غائب ہیں، 2208 بستروں کے جناح اسپتال کی الیکٹرک وائرنگ کو بھی مرمت درکارہے، جناح اسپتال کراچی میں فائر ڈرلز باقاعدگی سے ہوتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این آئی سی ایچ میں 135 فائر ایکسٹنگویشرز میں سے 40 خراب نکلے، 533 بستروں کے این آئی سی ایچ میں فائر الارم موجود نہیں اور ڈرلز بھی باقاعدگی سے نہیں ہوتیں، این آئی سی ایچ کی الیکٹرک وائرنگ کو بڑے پیمانے پر مرمت کی ضرورت ہے۔
700 بستروں کے لیاری جنرل اسپتال میں صرف 20 فائر ایکسٹنگویشرز فعال ہیں اور ایک الارم ہے، لیاری جنرل اسپتال میں واٹر اسپرنکلرز نہیں، یہاں فائر ڈرلز بھی باقاعدگی سے نہیں ہوتیں۔
قطر اسپتال اورنگی میں صرف 25 فائر ایکسٹنگویشرز فعال ہیں، فائر الارم موجود نہیں ہے، سعود آباد اسپتال میں 18 فائر ایکسٹنگویشرز فعال ہیں لیکن فائر الارم اور باقاعدہ ڈرلز کا نظام نہیں ہے۔
