اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی میں پیپلزپارٹی کارکن کے قتل پر کہا کہ اطلاع ہے فائرنگ مسلم لیگ ن کے امیدوار کی جانب سےکی گئی تھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال میں کارکن مختار یونس کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ اطلاع ہے کہ ن لیگی امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کرکے پی پی کارکن کو شہید کیا گیا، سوال کیا کہ متعلقہ حکام کہاں ہیں؟ الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے؟
انہوں نے کہاکہ 2 روز قبل بھی لیگی رہنما سردار عمیر نعیم کی ساتھیوں سمیت کھلے عام فائرنگ کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی، اس وقت متعلقہ حکام نوٹس لے لیتے تو آج انسانی زندگی کی قیمت ادا نہ کرنا پڑتی، شکست سے بوکھلا کر پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔
