لاہور (آئی آر کے نیوز): لاہور سے اغوا کی گئی ہالینڈ اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو پولیس نے بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ اغوا میں ملوث چار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم رضا ڈار اور دونوں غیر ملکی خواتین کے درمیان سنگاپور میں کاروباری شراکت داری تھی۔ مزید سرمایہ کاری کے تنازع پر ملزم نے خواتین کو ویزے کے ذریعے پاکستان بلوایا جہاں اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کے ساتھ زیادتی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی سرمایہ کاری کی رقم واپس لینے کے لیے خواتین پر دباؤ ڈالتا رہا۔ جب خواتین نے رقم کے حصول کے لیے ہالینڈ میں اپنے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو ان کے والد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
