اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے بالخصوص پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے پر لگا ہوا ہے۔
میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کی بھارت کے موضوع پر اہم نشست ہوئی جہاں خطے کی صورتحال خصوصاً بھارت کی پاکستان کے خلاف سرگرمیوں پر گفتگو کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت زمینی حقائق تسلیم کرنے سے گریزاں ہے، بھارت ایک ہندوتوا زدہ ناکام ریاست ہے تاہم اسے اپنے آپ کو بڑا دکھانےکی عادت ہو چکی ہے، بھارتی ریاست کی ناکامی کی وجوہات بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور مذہبی شدت پسندی ہے جبکہ اکھنڈ بھارت کا غیر حقیقی خواب اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوتوا نظریے نے بھارت کے سیکولر چہرے کو مسخ کردیا ہے، بھارت کی فوج بی جے پی کی متشدد اور مذہبی سیاست کی نذر ہو چکی ہے، تقسیم شدہ معاشرہ کی موجودگی میں بھارت کے شائنگ انڈیا ہونے کا نعرہ محض ایک ڈھکوسلا ہے۔
