کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا ایک رکن ہلاک ہو گیا ہے جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں شاہ زیب نامی شخص کی ہلاکت ہوئی ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ کے ایس ایس پی خاور شوکت نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شاہ زیب کی ہلاکت کے بارے میں کہا کہ وہ اس کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جب تحقیقات مکمل ہو جائیں گی تو پھر وہ اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات شییر کریں گے۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان راولاکوٹ سے عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن عمر نذیر کے ہمراہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ برمنگ پل کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں شاہ زیب موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
