آزاد کشمیر میں 70 سے زائد گرفتاریوں کی اطلاعات

 


آزاد کشمیر میں آج پولیس نے’کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ تقریباً 72 افراد کو گرفتار کیا ہے۔‘

ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ ابتدائی کارروائی کے دوران بعض گرفتار افراد سے اسلحہ، مواصلاتی آلات، مشتبہ دستاویزات، امنِ عامہ کو متاثر کرنے کے منصوبوں سے متعلق مواد، احتجاجی و پرتشدد سرگرمیوں کے منظم طریقہ کار/پلانز، اور غیر ملکی افراد سے مشکوک روابط کے اشارے بھی ملے ہیں، جن کی تفتیش قانون کے مطابق جاری ہے۔‘

آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کے بعد جمعے کی شب راولاکوٹ میں تصادم کے نتیجے میں پولیس کے مطابق ایک شخص جان سے گیا اور تین زخمی ہو گئے جبکہ وادی میں گذشتہ رات سے انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ اٹھارہ گھنٹوں کے دوران امن و امان کے تحفظ اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے یہ 72 گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ 

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ’وہ پُر امن رہیں، افواہوں اور اشتعال انگیز مواد پر یقین نہ کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں، غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں، حساس مقامات اور غیر قانونی اجتماعات سے دور رہیں، اور کسی بھی کالعدم یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تنظیم/ادارے یا گروہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اجتناب کریں۔

 مشکوک سرگرمی، مسلح عناصر، اشتعال انگیز منصوبہ بندی یا امنِ عامہ کو متاثر کرنے والی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ انتظامیہ کو دی جائے۔‘

جدید تر اس سے پرانی