واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا فی الحال ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کا ارادہ نہیں رکھتا اور کشیدگی کے معاملے کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے مشیروں سے کہا ہے کہ جب تک ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں یا امریکی مفادات کو براہِ راست نشانہ نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک ایران کے خلاف کسی نئی فوجی کارروائی کا امکان نہیں ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ خطے میں جاری تنازعات کو مزید وسعت دینے کے بجائے سفارتی کوششوں کے ذریعے مسائل کے حل کی خواہاں ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے دائرے کو بڑھانے سے گریز کرنا چاہتا ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف سفارتی راستوں پر غور کیا جا رہا ہے۔
