بیجنگ (آئی آر کے نیوز): چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کو ’ذمہ دار بڑی طاقتوں‘ کا کردار ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی انصاف کا تحفظ کرنا چاہیے اور ’ہر قسم کی دھونس دھمکیوں اور تاریخ کو پیچھے دھکیلنے والے اقدامات ‘کی مخالفت کرنی چاہیے۔
چینی صدر نے یہ بات چین اور روس کی جانب سے تجارت، ٹیکنالوجی،سائنسی تحقیق سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے معاہدوں کے ایک سلسلے پر دستخط کی تقریب کے دوران کہی۔
یاد رہے کہ بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 20 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
چینی صدر نے کہا کہ چین اور روس کے درمیان تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور اب جامع سٹریٹیجک پارٹنر شپ کی اعلیٰ سطح تک پہنچ چکے ہیں۔
ان کے مطابق دونوں ممالک نے برابری کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ باہمی احترام کا مظاہرہ کیا ہے اور دوطرفہ تعلقات ایک ’نئے نقطۂ آغاز‘ میں داخل ہو گئے ہیں۔
شی جن پنگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چین اور روس کو تمام سطحوں پر روابط اور تبادلے جاری رکھنے چاہییں۔
