اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے مقدمات کے حوالے سے کہا ہے کہ عدالتوں میں جھوٹے گواہ پیش کیے جا رہے ہیں۔
علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہم کبھی ایک تو کبھی دوسری عدالت میں پیش ہوتے ہیں، کل سلمان صفدر کی بانی سے ملاقات ہوئی ہے اور انہوں اتنا کہا ہے کہ ان کی ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل ہم سارے سپریم کورٹ جائیں گے، رپورٹ کے بارے میں کل ہی ہمیں پتہ چلے گا، بانی کی آنکھ کا مسئلہ گزشتہ 6 ماہ سے چل رہا ہے، حکومت نے کہا ہے اسپتال لے جاکر بانی کی آنکھ کا علاج کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کیا پتا کہ کس نے علاج کیا اور کیا علاج کیا ہے، بانی کی آنکھ بچانے کے بجائے یہ خوف زدہ ہیں بانی کسی کو نظر نہ آئے، بانی اس لیے جیل میں ہیں وہ اپنے ملک اور عوام سے پیار کرتے ہیں، سب کو پتا ہے ایک بانی پی ٹی آئی ہی ملک کو جوڑ سکتا ہے۔
