مانچسٹر (انٹرٹینمنٹ ڈیسک): حال ہی میں ختم ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے اختتامی لمحے اس وقت سوشل میڈیا پر خبروں کا مرکز بن گئے جب لیگ کے مالک ہرشیت ٹومر نے براہِ راست نشریات کے دوران خاتون میزبان سے چھیڑ چھاڑ کی، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر زیرِ گردش ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنوبی افریقا چیمپئنز کی فتح کے بعد، اختتامی تقریب میں معروف میزبان کرشمہ کوٹک لیگ کے مالک سے انٹرویو کر رہی تھیں۔
کرشمہ کوٹک نے ہرشیت ٹومر سے سوال کیا کہ وہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے کامیاب انعقاد کا جشن کس طرح منائیں گے؟ اس پر ہرشیت ٹومر نے ہنستے ہوئے کہا، جب یہ سب ختم ہو جائے گا تو میں شاید آپ کو پروپوز کرنے والا ہوں۔
مالک کے اس غیر متوقع جواب پر میزبان حیرت زدہ رہ گئیں اور کہا، ’’اوہ مائی گاڈ!‘‘ اس لمحے کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور صارفین اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ دلچسپ لمحہ اُس وقت پیش آیا جب ٹورنامنٹ اپنے اختتام کو پہنچا۔ جنوبی افریقا چیمپئنز نے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ پاکستان چیمپئنز کو فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شائقین جہاں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے محظوظ ہوئے، وہیں اختتامی تقریب میں پیش آنے والے اس لمحے نے بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔