لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے والد چوہدری محمد اسلم طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے اور 77 برس کی عمر میں دنیا فانی سے رخصت ہوئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمد اسلم کی نمازِ جنازہ آج شام 5 بج کر 15 منٹ پر لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں ادا کی جائے گی، جس میں عزیز و اقارب، اہلِ محلہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت متوقع ہے۔
عاطف اسلم کے والد کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد گلوکار کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کئی ساتھی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات شیئر کرتے ہوئے عاطف اسلم اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا ہے۔
مرحوم چوہدری محمد اسلم کو ایک باوقار اور سادہ طبیعت شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا، جنہوں نے اپنی زندگی میں اعلیٰ اقدار اور خاندانی روایات کو ہمیشہ مقدم رکھا۔