اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اعلیٰ سطح پر بڑے پیمانے پر تبادلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت گریڈ 20 سے 22 تک کے 20 افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، تبادلے ان لینڈ ریونیو سروس سے تعلق رکھنے والے افسران کے کیے گئے ہیں، جب کہ گریڈ 17 اور 18 کے مزید 232 افسران کو بھی مختلف شہروں میں تبدیل کیا گیا ہے۔
تبادلوں کی یہ فہرست کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ساہیوال، سکھر، فیصل آباد، حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف ریجنز سے تعلق رکھنے والے افسران پر مشتمل ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان تبادلوں کا مقصد محکمے میں مؤثر قیادت، نگرانی میں بہتری اور فیلڈ سطح پر ریونیو بڑھانے کے اقدامات کو مؤثر بنانا ہے۔
محکمے کے ذرائع کے مطابق، تبادلوں کی یہ لہر آئندہ دنوں میں مزید پھیل سکتی ہے تاکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جا سکے اور ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لائی جا سکے۔