اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاقی کابینہ نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب رواں سال کے دوران حکومت 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کر چکی ہے۔
وزارتِ غذائی تحفظ کے مطابق چینی کی درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی اور اس عمل کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس پر فوری عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ درآمد کا فیصلہ چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی کی درآمد کے لیے موجودہ حکمتِ عملی سابقہ حکومتوں کے مقابلے میں واضح طور پر بہتر ہے۔ ماضی میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قومی خزانے پر سبسڈی کا بوجھ ڈالا جاتا تھا، جب کہ موجودہ حکومت نے شفاف اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے ہیں۔
وزارتِ غذائی تحفظ کے مطابق چینی کی برآمد اُس وقت کی گئی تھی جب مقامی سطح پر چینی وافر مقدار میں دستیاب تھی، جب کہ اب قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے درآمد ناگزیر ہو چکی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کے بعد چند ہفتوں میں ہی قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے حکومت نے خام چینی درآمد کرنے کا عندیہ دے دیا تھا۔