چاہت فتح علی خان نے پاکستان میں میوزک و اداکاری کی اکیڈمی کھولنے کا دعویٰ کر دیا

chahat fateh ali khan launches film academy

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): مشہور مزاحیہ گلوکار اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شخصیت چاہت فتح علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان میں موسیقی اور اداکاری کی تربیت کے لیے ایک اکیڈمی قائم کر دی ہے، جسے ابتدائی دنوں میں ہی 400 سے زائد افراد نے داخلے کی درخواستیں دی ہیں۔

لندن میں سوشل میڈیا سے وابستہ افراد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، اور جلد ہی آن لائن کلاسز بھی شروع کی جائیں گی تاکہ بیرون ملک موجود پاکستانی نوجوان بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔

چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے نوجوان انہیں موسیقی سیکھنے کے لیے پیغامات بھیجتے رہتے ہیں، اسی لیے وہ آن لائن اکیڈمی کے ذریعے عالمی سطح پر نوجوانوں کو تربیت دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی میں صرف موسیقی ہی نہیں بلکہ اداکاری کی تربیت بھی دی جا رہی ہے، جب کہ جلد ہی ان کی میوزک اکیڈمی کی موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی جائے گی۔

اکیڈمی میں داخلے سے متعلق بات کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے کوئی سخت شرائط نہیں ہیں، صرف شوق اور لگن کافی ہے، حتیٰ کہ اگر کسی کی آواز بے سری بھی ہو، تو وہ اسے بھی گانا سکھا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق سیکھنے کے 6 ماہ بعد طلبہ کا پہلا گانا بھی جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ خود بھی اکیڈمی میں اداکاری سکھائیں گے اور جلد ہی ان کی فیچر فلم بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جو پاکستان سمیت دنیا بھر کے سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔

تاہم، انہوں نے اس اکیڈمی کے مقام، شہر یا کسی آن لائن ویب سائٹ سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔ واضح رہے کہ انہوں نے فروری 2025 میں پاکستان میں میوزک، اداکاری اور ماڈلنگ کی تربیت فراہم کرنے والی اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

جدید تر اس سے پرانی