اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سیاسی دروازے بند ہو چکے ہیں اور اب واحد راستہ عوامی تحریک کا ہے۔ ان کے بقول عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ اب صرف تحریک ہی باقی ہے اور یہی جدوجہد کا واحد ذریعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحریک کا آغاز کر دیا ہے اور اس تحریک کا نقطۂ عروج 5 اگست کو ہوگا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت تحریک کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرے گی، جبکہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی میں وہی افراد رہیں جو تحریک کے بوجھ کو اٹھا سکیں، باقی عہدوں سے الگ ہو جائیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ عمران خان کے بیٹے، سلیمان اور قاسم، پاکستان آ کر اس تحریک میں حصہ لیں گے۔ وہ پہلے امریکا جا رہے ہیں جہاں انسانی حقوق کی تنظیموں کو عمران خان کے ساتھ ہونے والے سلوک سے آگاہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عوام سے ان کے بنیادی حقوق چھین لیے گئے ہیں اور عدلیہ نے بھی انصاف فراہم کرنا چھوڑ دیا ہے، ایسے میں عوامی بیداری ہی ظلم کے خلاف سب سے مؤثر جواب ہے۔
علیمہ خان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمران خان نے مذاکرات کی کوئی بات نہیں کی بلکہ صرف تحریک پر زور دیا ہے، اور اب یہی راستہ اپنایا جائے گا۔