واشنگٹن میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کی خفیہ ملاقاتوں کے چرچے

 US President Donald Trump, right, shakes the hand of Prime Minister Benjamin Netanyahu in the Oval Office of the White House, April 7, 2025, in Washington. (Pool via AP)

واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کے درمیان 24 گھنٹوں کے اندر دوسری بار وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ کے تناظر میں جنگ بندی کے امکانات پر غور کرنا تھا۔ تاہم اس ملاقات کے حوالے سے نہ تو میڈیا کو رسائی دی گئی اور نہ ہی کوئی سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا۔

بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے نمائندے مائیک ہنّا نے واشنگٹن ڈی سی سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات سے متعلق معلومات انتہائی محدود ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات موجود ہو سکتے ہیں۔ اُن کے مطابق پیر کو ہونے والی پہلی ملاقات میں فریقین نے مثبت بیانات دیے تھے، تاہم منگل کی شام ہونے والی اس دوسری خفیہ ملاقات کی تفصیلات ظاہر نہ ہونا صورتحال کی پیچیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

اس ملاقات کے دوران غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال بھی زیرِ غور رہی، جہاں اسرائیلی بمباری میں مزید 95 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ تازہ ترین ہلاکتوں کے بعد علاقے میں انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے، اور عالمی برادری کی جانب سے جنگ بندی کے لیے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فریقین نے بعض نازک امور پر غیر علانیہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ فلسطینی علاقوں میں تیزی سے بڑھتے ہوئے جانی نقصان کے باعث واشنگٹن پر عالمی سطح پر بھی تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی پر آمادہ کرے۔

جدید تر اس سے پرانی