پشاور (آئی آر کے نیوز): خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم پر سیاسی تنازعہ شدت اختیار کر گیا، مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق درخواست مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر ثاقب رضا کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ن لیگ کے خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 اراکین ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کو 7 نشستوں پر 10 مخصوص نشستیں دی ہیں جبکہ ن لیگ کو 7 نشستوں کے بدلے صرف 8 مخصوص نشستیں دی گئیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ن لیگ نے 6 جنرل نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک آزاد امیدوار بعد ازاں جماعت میں شامل ہوا، اس اعتبار سے ن لیگ کے پاس 7 نشستیں ہوچکی ہیں، تاہم مخصوص نشستوں کی تقسیم 6 نشستوں کی بنیاد پر کی گئی، جو کہ غیرمنصفانہ ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا مخصوص نشستوں سے متعلق اعلامیہ کالعدم قرار دیا جائے اور عدالت الیکشن کمیشن کو نشستوں کی نئی تقسیم کا حکم دے۔ مزید یہ کہ عدالت حتمی فیصلے تک مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کو حلف اٹھانے سے روکے۔