اسرائیلی مظالم سے 48 عالمی کمپنیوں کا معاشی فائدہ اٹھائے جانے کا انکشاف

 Gaza

واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطینی حقوق فرانسسکا البانیز نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم سے امریکا سمیت دیگر ممالک کی 48 بڑی تجارتی کمپنیاں معاشی فوائد حاصل کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فرانسسکا البانیز نے ’قبضے کی معیشت سے نسل کشی کی معیشت‘ کے عنوان سے جاری اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی مظالم میں مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ، اسلحہ سازی اور آئی ٹی کے شعبوں سے وابستہ کمپنیاں تجارتی طور پر شریک ہیں اور غزہ میں جاری نسل کشی سے منافع کما رہی ہیں۔

رپورٹ میں ان کمپنیوں کی اسرائیل سے تجارتی و مالی وابستگی پر شدید تشویش ظاہر کی گئی ہے، اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تجارتی روابط، مالی تعاون اور اسلحہ کی فراہمی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

فرانسسکا البانیز نے گزشتہ روز انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال کو قیامت خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جدید تاریخ کی بدترین نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے، جب کہ غزہ ہیومینیٹرین فاؤنڈیشن کو لوگوں کو بے گھر کرنے اور قتل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو مزید معاشی و عسکری مدد فراہم کرنے کے بجائے اس کے ظلم و ستم پر بازپرس کرے۔

جدید تر اس سے پرانی