ممبئی (انٹرٹینمنٹ ڈیسک): بالی ووڈ کے معروف اداکار اور "مسٹر پرفیکشنسٹ" کہلائے جانے والے عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے سابق کرکٹر جاوید میانداد کے تاریخی چھکے نے ان کی شادی کے دن کی خوشی کو مایوسی میں بدل دیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی جوانی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ انہوں نے محض 21 برس کی عمر میں رینا دتہ سے خفیہ طور پر شادی کی تھی۔ ان کے بقول، یہ شادی خاندان کی مخالفت کے باوجود ہوئی اور شادی کے بعد جب وہ گھر واپس آئے تو دونوں کے خاندان پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کرکٹ میچ میں مصروف تھے، جس کے باعث کسی کو ان کی غیر موجودگی کا علم نہ ہو سکا۔
عامر خان نے بتایا کہ یہ وہی یادگار میچ تھا جو 10 اپریل 1986 کو شارجہ میں کھیلا گیا، جہاں جاوید میانداد نے آخری گیند پر چھکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی تھی۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جیت کے قریب ہونے پر وہ بہت خوش تھے، مگر میانداد کے اس چھکے نے ان کی خوشی کو مایوسی میں بدل دیا۔
اداکار نے مزید بتایا کہ بعد ازاں ایک فضائی سفر کے دوران ان کی جاوید میانداد سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا: جاوید بھائی، آپ نے میری شادی کا دن خراب کر دیا تھا، اُس دن میری شادی تھی اور آپ نے چھکا مار کر بھارت کو ہرا دیا۔
عامر خان کے اس دلچسپ انکشاف نے ان کے مداحوں کو نہ صرف حیران کیا بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیل اور جذبات کے تعلق کو بھی خوب اجاگر کیا۔