بھارت کے خلاف جنگ میں غیبی مدد ملی، ایران کی کامیابی کے پیچھے بھی وردی کا کردار: وزیر داخلہ

Mohsin Naqvi reviews Muharram security arrangements of Central Imambargah

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے سے علما کرام کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اور مختلف مکاتب فکر کے جید علما نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ محرم کے دوران قیامِ امن میں علما کرام کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ محرم کے دوران ’’اپنا مسلک چھوڑو نہ، کسی کا مسلک چھیڑو نہ‘‘ کو تھیم کے طور پر اپنایا جائے تاکہ ہم آہنگی اور اتحاد برقرار رہے۔

وزیر داخلہ نے خطاب کے دوران ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کو "غیبی مدد" حاصل ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جواباً میزائل فائر کیے تھے، جن کا نشانہ بھارت کا سب سے بڑا آئل ڈپو بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی انتہائی احتیاط کے ساتھ کی گئی تاکہ کوئی عام شہری نشانہ نہ بنے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے بھی پاکستانی بیس پر 11 میزائل داغے گئے، جہاں جہاز اور عملہ موجود تھا۔ ان میزائلوں سے کوئی نقصان نہیں ہوا، جو غیبی مدد کا ایک اور مظہر تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ یہ صرف دو مثالیں ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح قدرتی مدد ملی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف نے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر حملہ کیا گیا تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔

ایران اور اسرائیل کی حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس تناؤ کے خاتمے اور جنگ بندی کے پیچھے وزیر اعظم پاکستان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی کامیابی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی پوزیشن مضبوط کرنے کے پیچھے بھی وردی کا نمایاں کردار ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ وہ مزید تفصیل میں نہیں جانا چاہتے، مگر عالمی رہنماؤں کو قائل کرنے میں جس مؤثر انداز میں بات چیت کی گئی، اس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے۔

اجلاس کے اختتام پر علما کرام نے حکومت کو محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن و امان کے قیام میں بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم دہرایا۔

جدید تر اس سے پرانی