نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی حکومت نے پاکستانی ڈراموں اور دیگر شوبز مواد نشر کرنے والے یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی ہٹا دی ہے، جس کے بعد یہ چینلز ایک بار پھر بھارتی ناظرین کے لیے قابلِ رسائی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارتی حکومت نے سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر پاکستانی میڈیا اور شوبز سے متعلق متعدد یوٹیوب چینلز پر ملک میں رسائی بند کر دی تھی۔ ان پابندیوں کی زد میں اے آر وائی ڈیجیٹل، جیو ٹی وی، ہم ٹی وی سمیت کئی مقبول شوبز چینلز اور معروف شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی آئے تھے۔
تاہم حالیہ اطلاعات کے مطابق بھارتی حکام نے ان یوٹیوب چینلز پر عائد پابندی واپس لے لی ہے، اور اب بھارتی ناظرین ان پلیٹ فارمز پر پاکستانی ڈرامے اور دیگر مواد براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
اگرچہ بھارتی حکومت کی جانب سے اس پابندی کے خاتمے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، لیکن میڈیا تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل سطح پر پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے اور آن لائن مکالمے کی بحالی کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ڈرامے بھارت میں انتہائی مقبولیت رکھتے ہیں، اور ان پر پابندی کے بعد بھارتی صارفین کو وی پی این کا سہارا لے کر مواد تک رسائی حاصل کرنا پڑ رہی تھی۔ اب جب کہ یہ رکاوٹ ختم ہو چکی ہے، شائقین بغیر کسی تکنیکی رکاوٹ کے یوٹیوب پر پاکستانی مواد دیکھ سکیں گے۔
ادھر کچھ بھارتی صارفین نے سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ان کی ٹائم لائنز پر پاکستانی فنکاروں کی پوسٹس دوبارہ نمودار ہونا شروع ہو گئی ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عائد پابندیاں بھی جزوی طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔
اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کی بہتری کی ایک چھوٹی مگر اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔