اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں بحال کیے جانے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کو ملنے والی نشستوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کو دو، دو جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو ایک مخصوص نشست بحال ہوئی ہے۔ دیگر نشستوں میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو ایک، ایک اضافی نشست دی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی 8، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی 6، 6 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی ایک مخصوص نشست بحال کی گئی ہے۔ اسی طرح نان مسلم مخصوص نشستوں میں جے یو آئی کو دو جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ایک، ایک نشست واپس ملی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی 21 مخصوص نشستیں بحال ہوئی ہیں، جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کو ایک، ایک نشست ملی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی نان مسلم مخصوص نشستوں میں ن لیگ کی دو اور پیپلزپارٹی کی ایک نشست شامل ہے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کو ایک، ایک نشست واپس ملی ہے، جبکہ پیپلزپارٹی کو ایک نان مسلم نشست بھی بحال کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، اس فیصلے کے بعد مجموعی طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی 43، پیپلز پارٹی کی 14، جے یو آئی کی 12 نشستیں بحال ہوئیں، جب کہ استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ (ق)، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کو ایک، ایک نشست واپس ملی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 27 جون 2025 کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے 74 مخصوص نشستیں بحال کی ہیں، جن کے نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔