الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں بحال کر دیں

A file view of the Election Commission of Pakistan building in Islamabad. — APP

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 19، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 25، پنجاب اسمبلی کی 27 اور سندھ اسمبلی کی 3 مخصوص نشستیں بحال کر دی گئی ہیں، یوں مجموعی طور پر 74 مخصوص نشستوں کی بحالی عمل میں آئی ہے۔

ای سی پی کے مطابق یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے 27 جون 2025 کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کے تحت سابقہ نوٹیفکیشنز واپس لے لیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں 24 اور 29 جولائی 2024 کو جاری کردہ نوٹیفکیشنز منسوخ کر دیے گئے۔

مخصوص نشستوں کی بحالی کے بعد پی ٹی آئی ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کی واپسی کے پرانے فیصلے کالعدم قرار دے دیے گئے ہیں اور اب ان نشستوں پر سابقہ نامزد جماعتوں کو نمائندگی ملے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کیا گیا ہے، جو کہ نظرثانی اپیلوں کے فیصلے کے نتیجے میں سامنے آیا۔ فیصلے کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی صف بندیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی