لاہور (آئی آر کے نیوز): حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان ریلوے نے بھی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں دو فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے کرایوں کا اطلاق 4 جولائی 2025 سے ہوگا، جو تمام مسافر، شٹل اور سیلونز گاڑیوں پر لاگو ہوں گے۔ ریلوے انتظامیہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرایوں میں ہونے والا اضافہ ایڈوانس بکنگ پر بھی لاگو ہوگا۔
ریلوے حکام کے مطابق حالیہ مہنگائی کی لہر اور بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث محکمے کو ماہانہ 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا، جس کی وجہ سے کرایوں میں معمولی اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔
واضح رہے کہ حکومت نے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد فی لیٹر ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے ہو چکی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافہ موجودہ مالی دباؤ کو کم کرنے اور ریلوے سروس کی بہتری کے لیے ضروری اقدام ہے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی اور تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو نئے کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔