اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق تمام افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
انگریزی روزنامہ ’دی نیوز‘ سے خصوصی گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح طور پر کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نہ کبھی صدر بننے کی خواہش ظاہر کی اور نہ ہی حکومت کے سامنے ایسی کوئی تجویز موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کے درمیان باہمی احترام اور قومی ترقی کے ایجنڈے پر مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے میڈیا میں پھیلائی جانے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جن میں صدر آصف علی زرداری کے ممکنہ استعفیٰ کی بات کی جا رہی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی کوئی صورت حال موجود نہیں اور تمام قیادت مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے سرگرم ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کو ’منظم سازش‘ قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس گمراہ کن مہم کے پیچھے کون عناصر کارفرما ہیں، اور ان کے عزائم سے پوری طرح باخبر ہیں۔ انہوں نے بھی زور دیا کہ صدر زرداری سے استعفیٰ لینے یا چیف آف آرمی اسٹاف کو صدر بنانے کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور نہ ہی ایسی کسی سوچ کی گنجائش موجود ہے۔
حکومت کی جانب سے ان واضح بیانات کے بعد ان افواہوں کا دروازہ بند ہوتا دکھائی دیتا ہے جو حالیہ دنوں میں سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان اختلافات کے حوالے سے گردش کر رہی تھیں۔