پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان کے خلاف ریفرنس، حکومت و اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل

 پنجاب اسمبلی نااہلی ریفرنس معاملہ، حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل

لاہور (آئی آر کے نیوز): پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن نے مذاکرات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ دونوں جانب سے نمائندہ ارکان پر مشتمل کمیٹیاں تنازع کے حل کے لیے مشاورت کریں گی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے قائم کی گئی مذاکراتی کمیٹی میں صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللہ اور احمد اقبال شامل ہیں، جب کہ علی حیدر گیلانی، شافع حسین اور شعیب صدیقی بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر مذاکراتی ٹیم کی سربراہی کریں گے، جب کہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں علی امتیاز، شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع کے نام اسپیکر پنجاب اسمبلی کو آج ارسال کیے جائیں گے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق حکومتی و اپوزیشن کمیٹیوں کا دوسرا مذاکراتی سیشن کل (اتوار) کو متوقع ہے۔ اگر فریقین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اسپیکر پنجاب اسمبلی معطل ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے ریفرنس واپس لینے پر غور کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 27 جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی، جس کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کارروائی کرتے ہوئے اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کر دی تھی اور ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ اب معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی