پی ٹی آئی کا جی ٹی روڈ پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ

 — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف نے آج جی ٹی روڈ پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اجلاس صبح ساڑھے 10 بجے خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہوگا، جس میں تحریک انصاف کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین شریک ہوں گے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اجلاس میں شریک اراکین کے اعزاز میں ناشتہ بھی دیں گے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور 300 سے زائد گاڑیوں پر مشتمل قافلے کی قیادت کرتے ہوئے جی ٹی روڈ کے راستے لاہور روانہ ہوں گے، جہاں تحریک انصاف اپنی احتجاجی تحریک کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل پارٹی کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اڈیالہ جیل میں پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کی تھی، جو ایک ماہ سے زائد کوششوں کے بعد ممکن ہو سکی۔ اس ملاقات میں ملک گیر احتجاج کی حکمت عملی طے کی گئی۔

یہ احتجاجی تحریک 5 اگست کو اپنے عروج پر پہنچے گی، وہ دن جس دن عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہوں گے۔ عمران خان پہلے ہی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کر چکے ہیں کہ اب بات چیت کا وقت ختم ہو چکا ہے۔

پارٹی رہنماؤں کے مطابق آج کا قافلہ اور لاہور پہنچنے پر جلسہ اس تحریک کا ابتدائی مظہر ہوگا، جسے عمران خان نے عوامی حقوق کی بحالی کی جدوجہد قرار دیا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی