عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد کا معاملہ غیر یقینی کا شکار

 imran khan with his sons kasim and suleiman at shangrila skardu in 2016 photo facebook imran khan

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آکر سیاسی جدوجہد میں شرکت کے دعوے عملی شکل اختیار نہیں کر سکے، معاملہ اب غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو چکا ہے۔ مختلف حلقوں میں اس حوالے سے جاری چہ مگوئیاں بھی مکمل لاعلمی پر مبنی ثابت ہو رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم، کی جانب سے تاحال نہ تو پاکستان کا ویزا حاصل کرنے کے لیے کسی قسم کی باضابطہ درخواست دی گئی ہے، اور نہ ہی ان کے کسی مجوزہ دورۂ پاکستان یا احتجاجی سرگرمی میں شرکت کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے۔ لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی اس حوالے سے کسی قسم کا رابطہ یا ویزا درخواست موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے ایک ٹوئٹ میں اپنے بچوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں وہ اپنے بیٹوں کی سلامتی کے بارے میں شدید فکرمند ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فی الحال عمران خان کے بیٹوں کی وطن واپسی ممکن نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی ویزا جاری کرنے یا مسترد کرنے کا مکمل اختیار ویزا سیکشن کے پاس ہے، اور اس عمل میں کوئی وقت کی بندش مقرر نہیں۔ تاہم اب تک گولڈ اسمتھ ہاؤس کی جانب سے کوئی باضابطہ درخواست جمع نہیں کرائی گئی۔

اسی طرح امریکا میں کسی احتجاج یا سیاسی اجتماع کے لیے بھی کسی سطح پر انتظامیہ سے اجازت لینے کی درخواست موصول نہیں ہوئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کے بیٹوں کی مبینہ شمولیت محض دعووں تک محدود ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بیان دیا تھا کہ سلیمان اور قاسم پاکستان آ کر عوامی تحریک میں حصہ لیں گے، تاہم اب ان بیانات پر عملدرآمد کے امکانات کمزور پڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی