اولمپیئن ارشد ندیم فٹنس مسائل کے باعث اہم ایونٹ سے دستبردار

 

لاہور (اسپورٹس رپورٹر): پاکستان کے نامور جیولن تھرو اتھلیٹ اور ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے سلور میڈلسٹ ارشد ندیم ایک بار پھر فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث وہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے عالمی ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم لاہور میں جاری ٹریننگ کے دوران پنڈلی میں ہلکے درجے کے کھچاؤ کا شکار ہوئے، جس کے بعد معالجین نے انہیں مکمل جسمانی سرگرمی سے اجتناب اور صرف ہلکی پھلکی ورزش کی ہدایت دی ہے۔ فٹنس کی احتیاطی تدابیر کے پیشِ نظر ارشد ندیم نے سوئٹزرلینڈ میں طے شدہ مقابلے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اتھلیٹ اب 15 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں وہ اگلے ماہ پولینڈ میں 15 اگست کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی اتھلیٹکس لیگ کی تیاری کریں گے۔ تربیتی عمل کے دوران ان کی مکمل بحالی کو یقینی بنانے کے لیے کوچنگ اسٹاف اور طبی ماہرین مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم کا اصل ہدف اس سال اکتوبر میں جاپان میں ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ ہے، جہاں وہ گولڈ میڈل جیتنے کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ فٹنس مسائل کے باوجود قومی امیدیں اب بھی اُن سے وابستہ ہیں کہ وہ مکمل صحتیابی کے بعد ملک کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کریں گے۔

جدید تر اس سے پرانی