پنجاب اسمبلی: اپوزیشن ارکان کی معطلی پر حکومت اور اپوزیشن میں اہم پیشرفت

 فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور (آئی آر کے نیوز): پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی، دونوں فریقین مختلف نکات پر متفق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ تین سے چار روز میں ایک اور ملاقات کی جائے گی تاکہ باقی معاملات کو بھی خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے۔

یہ اجلاس پنجاب اسمبلی میں ہوا اور تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں معطلی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نمائندوں کے ساتھ آج کی ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران جو نکات طے پائے ہیں، انہیں اپنی پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھا جائے گا اور جلد ایک اور نشست ہوگی۔

دوسری جانب صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، ہماری خواہش ہے کہ پنجاب اسمبلی کو ایک باوقار عوامی ادارہ بنایا جائے جہاں حکومت ہو یا اپوزیشن، ہر رکن کی عزت قائم رہے۔

دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب اسمبلی کی شائستہ روایات کو بحال کیا جائے گا اور ایوان میں شور شرابہ، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی جیسے غیر پارلیمانی رویوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ حکومت اور اپوزیشن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی نمائندوں کا رویہ ایوان کے تقدس کے مطابق ہونا چاہیے اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

جدید تر اس سے پرانی