قومی ہاکی ٹیم کی بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت مشکوک

Pakistan decides not to send hockey team to India for Asia Cup

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کی اگست میں بھارت میں ہونے والے ایشیا ہاکی کپ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ سیاسی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکومت پاکستان کی جانب سے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارتی حکومت نے 3 جولائی کو پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی تھی اور بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم بھارت کے شہر راجگیر (ریاست بہار) میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کرے گی، تاہم پاکستان نے تاحال حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

ایشیا ہاکی کپ 27 اگست سے 7 ستمبر 2025 تک بھارت میں شیڈول ہے اور یہ ایونٹ ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس سلسلے میں حکومت سے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کی اجازت کے لیے باقاعدہ این او سی طلب کی تھی، جسے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے وزارت داخلہ کو بھجوا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ سے جب ٹیم کی بھارت روانگی کے بارے میں استفسار کیا گیا تو ترجمان نے تصدیق کی کہ فیڈریشن کی جانب سے 12 جون کو باضابطہ درخواست موصول ہوئی تھی، جس میں موجودہ پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے تناظر میں حکومت سے رہنمائی طلب کی گئی ہے کہ آیا قومی ٹیم بھارت جا سکتی ہے یا نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے سیکیورٹی اور سیاسی وجوہات کی بنیاد پر ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا، تو پاکستان کی ایشیا ہاکی کپ میں شرکت ممکن نہیں ہوگی، جس کے اثرات قومی ٹیم کی بین الاقوامی درجہ بندی اور آئندہ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

اس حوالے سے حکومت اور وزارت داخلہ کی جانب سے حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔

جدید تر اس سے پرانی