راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف نے 10 محرم الحرام کے بعد سیاسی تحریک شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ اگر 27ویں آئینی ترمیم لاگو کرنی ہے تو اس کے بجائے بادشاہت قائم کر دی جائے، عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی آزادی کے لیے سڑکوں پر نکلیں، غلامی سے بہتر ہے کہ وہ جیل ہی میں رہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان نے جیل میں سخت ترین حالات کا سامنا کیا، وہ روزانہ 22 گھنٹے سیل میں بند رہتے ہیں اور صرف 2 گھنٹوں کے لیے انہیں باہر آنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق جیل میں عمران خان سے کتابیں اور بچوں سے گفتگو کی سہولت بھی چھین لی گئی ہے۔
علیمہ خان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ اسیری میں ریسٹ ہاؤس جیسی سہولیات فراہم کی جاتی تھیں، کھانے گھر سے آتے تھے اور سو سو افراد ان سے ملاقات کے لیے آتے تھے۔
نواز شریف کی عمران خان کے ساتھ ملاقات نہیں ہو سکتی، انہیں تو ان کی فیملی نہیں پوچھتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ 10 محرم کے بعد تحریک کا آغاز کیا جائے اور اس سلسلے میں منصوبہ بندی پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔