عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کی جلد سماعت کے لیے درخواستیں دائر کردیں

 Getty Images Imran Khan and his wife Bushra Bibi sign surety bonds for bail in July 2023

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سابق وزیرِاعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں سزا معطلی کی درخواستوں پر جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں درخواستیں دائر کیں، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 17 جنوری کو اس مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد 27 جنوری کو اپیلیں دائر کر دی گئی تھیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 15 مئی کو سزا معطلی کی درخواستوں پر ابتدائی سماعت ہوئی تھی، لیکن قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے بار بار سماعت مؤخر کرنے کی کوششیں کی گئیں، تاکہ کیس کو طول دیا جا سکے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت سے گذشتہ سماعت پر بھی کیس کو جلد مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی، تاہم یقین دہانی کے باوجود تاحال سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر نہیں کی گئیں۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ دونوں سزا معطلی کی درخواستوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔

جدید تر اس سے پرانی