لاہور (آئی آر کے نیوز): پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے دورے کے لیے پندرہ رکنی قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے۔
تین میچز پر مشتمل یہ سیریز 20 سے 24 جولائی تک ڈھاکہ میں کھیلی جائے گی۔
سلمان علی آغا کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ کسی کھلاڑی کو نائب کپتان مقرر نہیں کیا گیا۔ اسکواڈ میں وکٹ کیپرز کے طور پر محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان شامل کیے گئے ہیں۔
قومی ٹیم 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہوگی، جہاں سیریز کا پہلا میچ 20 جولائی، دوسرا 22 جولائی اور تیسرا 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کی تیاری کے لیے تربیتی کیمپ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں بدھ سے شروع ہوگا، جس کے لیے تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو منگل کے روز رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کیمپ 15 جولائی تک جاری رہے گا۔
دورہ بنگلہ دیش کے بعد قومی ٹیم امریکہ روانہ ہوگی، جہاں یکم سے 4 اگست تک ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز فلوریڈا میں کھیلے جائیں گے، جبکہ ون ڈے سیریز 8 سے 12 اگست کے دوران ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں شیڈول ہے۔
پاکستان اسکواڈ برائے بنگلہ دیش سیریز:
سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم۔