اسرائیلی بمباری سے غزہ میں مزید 19 فلسطینی شہید، کلینک پر حملہ

 Reuters A Palestinian looks on at the site of an Israeli strike that destroyed residential buildings at al-Shati refugee camp, in northern Gaza (4 July 2025)

غزہ (آئی آر کے نیوز): جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے باوجود اسرائیلی افواج کی غزہ پر بمباری جاری ہے، جس کے نتیجے میں آج مزید 19 فلسطینی شہید اور کم از کم 40 زخمی ہوگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد امدادی مرکز کے باہر جمع شہریوں کی ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق رفح کے شمالی علاقے میں امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے شہادتوں میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ ایمرجنسی سروسز نے زخمیوں کی تعداد 40 سے زائد بتائی ہے۔

دوسری جانب غزہ شہر میں ایک کلینک پر کیے گئے فضائی حملے نے تباہی مچا دی، جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔ حملے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب متاثرہ افراد سو رہے تھے، انہیں یہ گمان تھا کہ کلینک محفوظ مقام ہے۔

ایک بے گھر فلسطینی خاتون نے بتایا کہ ان کے بہنوئی زخمی جبکہ بھانجا شہید ہوا، جب کہ ان کی بہن اور بھانجی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ حملے کے بعد ہر طرف لاشیں اور انسانی اعضا بکھرے پڑے تھے۔

ایک اور عینی شاہد احمد قدوم نے بتایا کہ وہ رمال کلینک میں اسرائیلی فوج کی ہدایت پر منتقل ہوئے تھے، لیکن رات کو اچانک حملہ ہوا جس نے پورا علاقہ تباہ کر دیا۔

ادھر مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے قریب اسرائیلی فوج نے معروف فلسطینی صحافی اور معان نیوز ایجنسی کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر ناصر اللحام کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔ ان کا گھر بھی مکمل طور پر تہس نہس کر دیا گیا، جب کہ الیکٹرانک آلات اور موبائل فونز ضبط کر لیے گئے۔

ناصر اللحام لبنانی چینل المیادین کے مغربی کنارے میں دفاتر کے منتظم بھی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق انہیں جمعرات کے روز عوفر کی فوجی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

جدید تر اس سے پرانی