اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): وفاق اور خیبرپختونخوا ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے ہیں، اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وفاق کی جانب سے صوبے میں معاشی ایمرجنسی لگانے پر صوبائی اسمبلی توڑنے کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے دھمکی دی ہے کہ وفاق نے اگر صوبے میں معاشی ایمرجنسی لگائی تو صوبائی اسمبلی توڑ دیں گے۔
خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس میں شریک وزرا نے بھی وزیر اعلیٰ کی جانب سے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے بیان کی تائید کی ہے۔
کابینہ نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو تمام فیصلوں کا اختیار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق ’معاشی ایمرجنسی‘ کی آڑ میں کوئی سازش نہیں کرسکتا۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے صوبائی بجٹ پیش کرتے وقت اپنی تقریر میں کہا تھا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ اُس وقت تک منظور نہیں کریں گے جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بجٹ تجاویز پر مشاورت نہیں کرنے دی جاتی۔