ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی؛ سیلاب کا الرٹ جاری

 Urban flooding hits Pakistan’s largest city as deadly monsoon rains lash South Asia

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کا آغاز معمول سے پہلے ہونے جارہا ہے، محکمہ موسمیات نے 25 جون سے شدید بارشوں، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون کا موسم پاکستان میں معمول سے ایک ہفتہ پہلے یعنی 25 جون سے شروع ہو جائے گا۔

عام طور پر مون سون کی بارشیں جولائی میں شروع ہو کر ستمبر کے وسط تک جاری رہتی ہیں، لیکن گزشتہ چند برسوں میں مون سون کے نظام میں کچھ تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں۔

پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے خبردار کیا ہے کہ موسمی نظام کے نتیجے میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور بارش سے جڑی دیگر آفات کا خطرہ ہے۔

پی ایم ڈی کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہوچکی ہیں اور آئندہ دو روز میں ان میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

25 جون کو ایک مضبوط مغربی لہر شمالی علاقوں میں داخل ہو گی اور 26 جون سے نمایاں ہو جائے گی، جس کے نتیجے میں چاروں صوبوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

ان موسمی حالات کے زیر اثر وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 24 جون سے 2 جولائی تک درمیانے درجے سے موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح کا موسم 26 سے 29 جون تک گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر کے علاقوں میں بھی متوقع ہے۔

پنجاب میں 25 جون سے یکم جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح جنوبی پنجاب میں بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں 26 سے 28 جون تک بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا امکان دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، ہنگو اور کرم میں 25 جون سے یکم جولائی تک ہے۔

 

سیلاب

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے نالوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔

ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں بھی 26 جون تا یکم جولائی کے دوران پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ، پشاور، حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔

خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان علاقوں میں سفر سے پہلے موسم کی صورتحال ضرور جانچ لیں۔

مزید برآں، تیز بارش، آندھی اور بجلی کی چمک سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، ہورڈنگز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کی ایڈوائزری

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیش نظر پنجاب کی ضلعی انتظامیہ کو مون سون کی تیاری کے لیے ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔

 

جدید تر اس سے پرانی