آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن، پاکستانی طالبعلم نے میدان مار لیا


پاکستان سے تعلق رکھنے والے آکسفورڈ یونیورسٹی کے طالب علم موسیٰ ہراج آکسفورڈ یونین کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی میں یونین کے انتخابات کا سلسلہ جاری تھا جس میں پاکستانی طالبعلم صدرمنتخب ہوگئے۔

یاد رہے کہ پاکستانی طالبعلم " علم موسیٰ ہراج"  اس اہم عہدے کے لیے منتخب ہونے والے چوتھے پاکستانی بن گئے ہیں۔

ان سے پہلے پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو سمیت احمد نواز اور اسرار خان کاکڑ آکسفورڈ یونین کے صدر رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں معاشیات کے مضمون میں ماسٹرز کے طالب علم موسیٰ ہراج پاکستان کے سابق وفاقی وزیر محمد رضا حیات ہراج کے صاحبزادے ہیں۔

موسیٰ ہراج کو یونین کی حالیہ سالوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل ہوئے۔ انہوں نے صدر منتخب ہونے پر کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے آکسفورڈ یونین کا صدر منتخب کیا گیا ہے اورمیں اس کے لیے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

موسیٰ ہراج نے امید ظاہر کی کہ ان کا انتخاب نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کے ہر ایک طالب علم کو یہ پیغام دے گا کہ وہ بھی بڑے خواب دیکھ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ آکسفورڈ یونین کا شمار دنیا کے سب سے اہم اسٹوڈنٹس یونین میں ہوتا ہے جہاں دنیا کی اہم شخصیات مختلف موضوعات پر بحث ومباحثوں میں حصہ لیتی ہیں۔

 


جدید تر اس سے پرانی