پشاور (آئی آر کے نیوز): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ وفاق سے فنڈز کی عدم فراہمی ہے۔
صوبائی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت وعدہ شدہ فنڈز مالی سال 2025-26 میں تاحال جاری نہیں کیے گئے، جس کے باعث صوبے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی سے بالخصوص قبائلی اضلاع میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود قبائلی اضلاع کے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم وفاقی تعاون کے بغیر ترقیاتی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا مشکل ہو رہا ہے۔
انہوں نے وفاقی اور پنجاب حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ عمران خان، ان کی اہلیہ اور بہنوں کے ساتھ مسلسل غیر انسانی اور غیر جمہوری سلوک روا رکھے ہوئے ہیں، جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ منگل کے روز واٹر کینن میں زہریلے کیمیکل کے استعمال سے کارکنان اور قیادت کی طبیعت خراب ہوئی، جو ایک سنگین اور قابل مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی کارکنان اور منتخب پارلیمنٹیرینز پر تشدد جمہوری روایات کے خلاف ہے اور صوبائی حکومت منگل کے دن ہونے والے غیر انسانی اور غیر آئینی اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔
