راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں مجھے لگتا ہے کہ اڈیالہ میں کوئی سماعت نہیں ہونی۔
تفصیلات کے مطابق یہ بات سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے کیسز میں ابتدا میں سرکار کی حکمت عملی ٹی ٹونٹی کھیل کی رہی، اس کے بعد القادر کے کیس میں ون ڈے فارمیٹ کی حکمت عملی اپنائی گئی اور سارے کیسز ایک ایک کرکے اپنی موت مرگئے۔ اب ٹیسٹ میچز کی حکمت عملی اپناکر لمبی تاریخیں ڈالی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مرضی کی پیشیاں ہوں تو باقی 2 کیسز بھی دنوں میں ختم ہو جائیں گے۔ رمضان المبارک میں مجھے لگتا ہے کہ اڈیالہ میں کوئی سماعت نہیں ہونی۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایک بیان نظر سے گزرا کہ اب سارے کیسز اپنی روٹین اور نمبر پر سنے جائیں گے۔ مجھے امید ہے یہ فارمولا بانی کے کیسز پر اپلائی نہیں ہوگا۔
دوسری جانب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی۔
عدالتی حکم پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم پیش ہوئے، عمران خان کی جانب سے وکیل فیصل فرید چوہدری، جب کہ اسٹیٹ کونسل ملک عبد الرحمٰن بھی عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ عدالت نے ایک حکم دیا تھا اس پر عملدرآمد ہو رہا ہے یا نہیں؟
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ ملاقات ہوتی رہتی ہے، مگر شوہر بیوی کی ملاقات کے حوالے سے جیل رولز میں ایسا کچھ نہیں، ہم ہر بدھ کو جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں کراتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ فیصل صاحب یہ تو آپ کو خصوصی طور پر ٹریٹ کر رہے ہیں، وکیل فیصل فرید چوہدری نے کہا کہ ایک استدعا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کا حکم دے جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ان کی اتنی جرات ہے کہ عدالتی احکام پر عمل درآمد نہ کریں؟
بعد ازاں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کی درخواست نمٹا دی۔