اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے الزامات کے بعد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں سابق ویراعظم عمران خان کا طبی معائنہ کیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پمز کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرنے کے لیے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، جہاں عمران خان کا چیک اپ 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ جیل ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کو کچھ دوائیاں تجویز کی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ جانچ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے حال ہی میں لگائے گئے الزامات کے بعد کی گئی ہے، خاص طور پر اس کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے عمران خان کو ڈیتھ سیل میں رکھا ہے اور ان کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کو ان کی بہنوں یا دیگر رشتہ داروں سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کا طبی معائنہ کرنے کیلئے 4 رکنی ٹیم کی سربراہی ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر الطاف حسین نے کی، ٹیم کے دیگر ارکان میں ہسپتال کے ڈینٹل ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹر عمر فاروق، جنرل میڈیسن کے ڈاکٹر محمد علی عارف اور جنرل سرجری کے ڈاکٹر تاشفین امتیاز شامل تھے۔